ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار: ریاست گیر سطح پر بسوں کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اُترکنڑا میں متبادل انتظامات

کاروار: ریاست گیر سطح پر بسوں کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اُترکنڑا میں متبادل انتظامات

Sun, 24 Jul 2016 21:41:25    S.O. News Service

کاروار:24/ جولائی(ایس او نیوز)کئی ایک مطالبات کے ساتھ ریاست گیر سطح پر سرکاری ٹرانسپورٹ ملازمین کل مورخہ 25جولائی کو کرناٹک بند کا اعلان کیا ہے جس کو دیکھتے ہوئے اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے عوامی مشکلات کے پیش نظرضلع میں متبادل انتظامات کئے جانے کی جانکاری دی ہے۔

بس ملازمین کی طرف سے ممکنہ بند کے پیش نظرآرٹی اؤ اور پولس افسران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بند کے دوران دفاتر، اسکول، کالج اور دیگر ضروری مقامات کو جانے والوں کوسہولت پید اکرنے کے لئے نجی بسوں ، میکسی کیاب وغیرہ کا زیادہ تعداد میں انتظام کریں۔ اس سلسلے میں نجی بس مالکان کے ساتھ تعلقہ سطح پر ملاقات کرکے بات چیت کریں۔ انہوں نے آفسران کو تاکید کہ بند کے دوران کوئی بھی سواری زائد قیمت وصول نہ کرنے پائے اور ہمیشہ کی طرح کا ہی کرایہ وصول کریں۔ 

انہوں نے ہدایت دی کہ کے ایس آرٹی سی بسوں کے جو اوقات ہیں اُن ہی اوقات کے مطابق عوامی ضرورت کے مطابق متبادل سواریوں کا انتظام کریں ، پیشگی اقدامات کے طور پر انہوں نے زور دیا کہ  بند کے دوران کسی بھی طرح کے انہونی واقعات نہ ہونے پائیں۔ انہوں نے پولس کو اس بات کی بھی تاکید کہ وہ بس ڈپو یا جہاں بھی احتجاج ہوتاہو اس کی وڈیو گرافی کریں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ٹرانسپورٹ کے لئے  متبادل انتظامات کی پوری کوشش کرے گی۔ البتہ عوام سے انہوں نے اپیل کی کہ اگر اُن  کو بند کے دوران کسی بھی طرح کی تکلیف ہوتی ہے توانتظامیہ کے ساتھ  تعاون کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ صبح اور شام کو عوامی آمد ورفت زیادہ ہوتی ہے اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ان اوقات میں زائد نجی بسوں کا انتظام کرے۔ میٹنگ میں موجود ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس ونشی کرشنا نے اپنے ماتحت آفسران کو تاکید کی کہ اگرکہیں کوئی گڑبری ایا ناگہانی واقعات پیش آتے ہیں تو اُن کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔

آٹوڈرائیوروں پر کارروائی :حال ہی میں پڑوسی ضلع اُڈپی کے تراسی نیشنل ہائی وے پر ہوئے اسکول بس حادثے کو دیکھتے ہوئے ضلع اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ایس نکول نے آرٹی او افسران پر زور دیا کہ ضلع میں آٹو پر متعینہ تعداد سے زائد اسکولی بچوں کو لےجاتے ہوئے دیکھیں  تو ایسے آٹو اور کار ڈرائیوروں کے خلاف کیس درج کرتے ہوئے کارروائی کریں۔


Share: